راولپنڈی (نیوزرپورٹر) راولپنڈی کے گائوں کھٹانہ میں البراک کی جانب سے صفائی کا عمل شروع ہوگیا۔، اہل علاقہ نے تنظیم تحفظ حقوق کھٹانہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حکام سے اظہار تشکرکیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تنظیم تحفظ حقوق کھٹانہ کی عرصہ دراز سے جاری کوششیں بالآخر رنگ لے آئیںاور کھٹانہ گائوں میں راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔گزشتہ روز البراک کی ٹیم نے آپریشنل منیجر علی اور سپروائزر عامر کی زیرنگرانی علاقہ کا دورہ کیا اور گلیوں اور قرب و جوار کی صفائی کی نگرانی کی۔ اس موقع پر آپریشنل منیجر علی نے یقین دلایا کہ صفائی ٹیم اب ہر ہفتہ باقاعدگی سے صفائی کیا کرے گی نیز بہت جلد کوڑا ٹرالیاں بھی مہیا کردی جائیں گیں،البراک کی ٹیم کا علاقے میں آمد پر اہل علاقہ نے خیرمقدم کیا اور راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حکام کا شکریہ ادا کیا،کھٹانہ گائوں کے لئے بے پناہ خدمات پر اہل علاقہ نے تنظیم تحفظ حقوق کھٹانہ کے عہدیداران فیصل محمود کیانی ایڈووکیٹ، چوہدری سبطین جبیں، حسن نواز، حسن فاروق، راجہ ارسلان کیانی اور ارسلان وڑائچ کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر تنظیم تحفظ حقوق کھٹانہ کے چیف آرگنائزر فیصل محمود کیانی ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں صفائی کے آغاز پر راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حکام کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے اسی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھٹانہ گائوں جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، علاقے کے مسائل کے حل کے لئے تنظیم تحفظ حقوق کھٹانہ کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گے۔