ماسکو(آئی این پی) روس کی میزبانی میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان دو روزہ مذاکرات ماسکو میں شروع گئے،افغان امن عمل کے تحت ہونے والے مذاکرات میں افغان حکومت اور طالبان دونوں فریق شریک ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں شروع ہونے والے مذاکرات میں سابق افغان صدر حامد کرزئی بھی شریک ہیں جبکہ طالبان وفد کی قیادت ملاعبدلغنی برادر کر رہے ہیں۔افغانستان کے میڈیا میں نشر ہونے والی خبروں کے مطابق ماسکو اجلاس میں افغان امن عمل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا جائے گا۔ اجلاس افغان روس 100 سالہ تعلقات مکمل ہونے پرکیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ہونے والے ماسکو مذاکرات میں افغان حکومت کا کوئی نمائندہ شامل نہیں تھا۔یاد رہے 23 اپریل کو لندن میں برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، ناروے اور یورپی یونین کے خصوصی نمائندگان کا بھی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں افغان مفاہمتی عمل کا جائزہ لیا گیا ۔افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق شرکائے کانفرنس نے کہا کہ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار افغانوں کو ہے لیکن یہ بات طے ہے کہ افغانستان کے عوام قیام امن کے خواہاں ہیں اور جاری جنگ کے خاتمے کا واحد حل پرامن سیاسی مفاہمت میں مضمر ہے۔دریں اثناء ملا برادر نے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ طالبان مذاکرات چاہتے ہیں ۔
ماسکو : افغان رہنمائوں طالبان میں مذاکرات ، امن چاہتے ہیں : ملا برادر
May 29, 2019