اسلام آباد(آن لائن) آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت جواب ملنے کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کو بجٹ سپورٹ کے لیے 1 ارب ڈالر قرض دینے پر رضا مند ہوگیا کیونکہ حکومت نے سماجی، اقتصادی اور مالیاتی ردعمل پر اپنے بڑے قرضوں کی اکثریت میں تبدیلی کا وعدہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے 52 ویں سالانہ اجلاس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بینک کے صدر تکی ہیکو نا کائو نے کہا ہے کہ ان کے بینک کو پاکستان کی جانب سے اس کے آئی ایم ایف پروگرام اور برسوں کے ایشیائی ترقیاتی بینک کے بڑے آپریشن کے علاوہ بجٹ سپورٹ کے لیے تقریباً ایک ارب ڈالر کی درخواست موصول ہوئی تھی۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام پر مذاکرات کے اچھے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں اور اگر یہ پروگرام ہوگا تو ہم بجٹ سپورٹ اور دیگر پالیسی قرضوں کو بہت جلد بڑھانے میں خوش ہوں گے تاہم تکی ہکو نا کائو نے اسی دوران آئی ایم ایف کے مسلسل بیل آئوٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔