جنیوا (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے وڈیو گیم کھیلنے کی لت سے پیدا ہونے والے مسائل جنہیں’ گیمنگ ڈِس آرڈر‘ کہا جاتا ہے، کو با ضابطہ طور پر ایک بیماری تسلیم کر لیا ہے۔ ادارے کے ارکان نے گزشتہ روز جنیوا میں منعقدہ اپنی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بیماریوں کی بین الاقوامی درجہ بندی میں ترمیم کی منظوری دی۔ انہوں نے گیمنگ ڈِس آرڈر کو طبی اہمیت کی حامل کیفیتوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جو نجی زندگی میں سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہیں۔ گیمنگ ڈِس آرڈر میں انٹرنیٹ، کمپیوٹر، سمارٹ فون یا الیکٹرانک آلات پر کھیلی جانے والے گیموں کے دوران مریض گیم کھیلنے کی تعداد، دورانیے اور وقت پر قابو رکھنے میں بے بس ہو جاتے ہیں۔