لاہور(سپورٹس ڈیسک) دفاعی چیمپئن رافیل نڈال، پائری ہیوز ہربرٹ، رچرڈ گیسکوئٹ، جان لونڈیرو، ایلکس ڈی مینار، فلپ کریجینووک، پبلو کارینو بسٹا، ڈیوڈ گوفن اور لیونارڈ میئر سال کے دوسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ ہسپانوی کھلاڑی نڈال نے جرمن کھلاڑی یانک ہانف مان کو 6-2، 6-1 اور 6-3 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، فرانسیسی پائری ہیوز ہربرٹ نے روسی کھلاڑی ڈینل مدودوف کو 4-6، 4-6، 6-3، 6-2 اور 7-5 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ فرانس کے گیسکوئٹ نے جرمن کھلاڑی مسشا زیوریف کو 6-3، 6-4 اور 6-3 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا، ارجنٹائنی کھلاڑی جان لونڈیرو نے نیکولوز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، فلپ کریجی نووک نے فرانسز تیافوئے کو ہرا کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی، ایلکس ڈی مینار نے بریڈلے کلاہن کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں پہنچنے کا اعزاز پایا، پبلو کارینو بسٹا نے جائو سوزا کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، ڈیوڈ گوفن نے بیرنکس اور لیونارڈو میئر نے ویسلے کو ہرا کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ آسٹریلین اوپن چیمپئن کیرولین وزنائیکی اور کیرولینا پلسکووا شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔ برطانوی کھلاڑی جوہانا کونتا نے اینتونیا لوٹنر کو 6-4 اور 6-4 سے زیر کر کے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، یوکرینی کھلاڑی ایلینا سویتولینا نے امریکن وینس ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر پہلا مرحلہ عبور کیا، امریکن کھلاڑی سیلونی سٹیفنز نے جاپان کی میساکی ڈوئی کو ٹائی بریک پر 6-3 اور 7-6 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، ہالینڈ کی کیکی برٹنزنے امریکن جسیکا پیگولا کو 6-3 اور 6-3 سے شکست دی، ویروکینا نے ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی اور لارین ڈیوس نے کیرولینا پلسکووا کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، کایا کنیپی نے جولیا جارجز اور انستاسیجا سیواستووا نے لوکسیکا کو ہرا کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔