ٹوکیو: ہیروشیما ایٹم بم حملے کے متاثرین کا امریکہ کے حالیہ جوہری تجربے کیخلاف مظاہرہ

May 29, 2019

ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کے شہر ہیروشیما میں 1945ء میں ہونے والے ایٹم بم حملے کے متاثرین نے امریکا کے حالیہ جوہری تجربے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ہیروشیما سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہرے میں مظاہرین نے امریکہ کے فروری میں کئے گئے سب کریٹکل جوہری تجربے کے خلاف دھرنا بھی دیا۔ امریکی حکومت کی ایک تجربہ گاہ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ملک میں 13 فروری کو سب کریٹکل جوہری تجربہ کیا گیا تھا۔ 12 گروپوں سے تعلق رکھنے والے 80 کے قریب افراد پیس میموریل پارک میں ایٹم بم سے ہلاک ہونے والوں کے علامتی گنبد کے نزدیک جمع ہوئے۔ مظاہرین نے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ہر طرح کے جوہری تجربات کو بند کرنے کے نعرے درج تھے۔ ہیروشیما میں ایٹم بم کے متاثرین کے گروپ کے نمائندے توشی یوْکی میماکی نے کہا کہ گروپ کے خیال میں اقوام متحدہ میں جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے سمجھوتے کی منظوری جیسی پیشرفت کے باوجود، دنیا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے ہدف کی جانب آدھا سفر ہی طے کر سکی ہے۔

مزیدخبریں