پاکستانی سوسائٹی کوتعلیم یافتہ،دین دارخواتین سکالرزکی ضرورت ہے:ڈاکٹر حسین محی الدین

لاہور(خصوصی نامہ نگار) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گزشتہ روز منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ اعتکاف کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اخلاقی گراوٹ کا شکار پاکستانی سوسائٹی کو تعلیم یافتہ ،دین دار خواتین سکالرز کی ضرورت ہے،جس گھر کی خواتین دین دار، تعلیم یافتہ، تہذیب یافتہ ہوں گی وہ گھر امن کا گہوارہ اور اس گھر کے مرد کبھی نہیں بھٹک سکتے ،اس لیے آج انفرادی ،اجتماعی سطح پر خواتین کی تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی، انہوں نے خواتین کی تعلیمی ،تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو باعمل ہو گا اس کی گفتگو میں بھی اثر ہو گا اور وہی روحانی بیماریوں کا علاج کر سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ انسان اگر چاہتا ہے کہ اس کی وجہ سے معاشرے کے حالات بدل جائیں تو لوگوں کی سوچوں کو تبدیل کرنے پر کام کیا جائے ۔منہاج القرآن خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے مقدور بھر کوششیں بروئے کار لارہا ہے۔اس موقع مسز فضہ حسین قادری ،فرح ناز، سدرہ کرامت ،ام حبیبہ، عائشہ مبشر، شاکرہ چودھری، زینب ارشد و دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔

ای پیپر دی نیشن