جاگیر دار پنجاب کی تقسیم کیلئے متحد ہو گئے: فرخ سہیل گوئندی

May 29, 2019

لاہور (پ ر) عوامی جمہوری محاذ کے چیئرمین فرخ سہل گوئندی نے فخر زمان، مدثر اقبال بٹ اور دیگر معروف دانشوروں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے جاگیردار ملکر پنجاب کو تقسیم کرنے کیلئے متحد ہو گئے ہیں پاکستان کا یہ رجعت پسند اور استحصالی طبقہ پنجاب کا بٹوارہ کرکے پنجاب حکومت کے اندر موجود احساس محرومی غربت پسماندگی کو ایکسپلائٹ کرکے ایک نئے صوبے کا شوشہ چھوڑ رہا ہے جو کہ سراسر اپنی جاگیریں اور حکمرانی کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں کاش یہ سیاسی حکمران پاکستان میں جاگیرداری کے خاتمے لازمی تعلیم صحت اور دیگر حقوق کیلئے مشترکہ کوئی اتحاد بناتے پنجاب کی یہ تقسیم جس خطرناک صورتحال کا سامنا کر سکتی ہے اس کا ان لوگوں کو اندازہ نہیں پنجاب کو کاٹنے کا یہ عمل پاکستان کی تقسیم کا آغاز ہوگا یعنی فیڈریشن کے بکھرنے اور خدانخواستہ ٹوٹ جانے کا آغاز ہوگا ہم پنجاب کے غیور عوام کسی طور بھی کسی کے ہاتھوں پاکستان کو یوگوسلاوایہ نہیں بننے دیں گے۔ فرخ سہیل گوئندی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پنجاب کے محکوم عوام اس جاگیرداری و حکمرانی کے اتحاد کے خلاف جاگیں اور محکوم پنجاب کا طبقاتی اتحاد بنا کر ان جاگیرداروں کے عوام دشمن اتحاد کے اس خواب کو چکنا چور کر دیں۔ پنجاب جاگے تو پاکستان جاگے گا اور اب پنجاب جاگنے لگا ہے اٹھارہویں ترمیم کے بعد جب تک اقتدار کی ڈویژن ضلع تحصیل اور گائوں تک منتقل نہیں کیا جاتا اقتدار کی یہ مرکزیت عوام کو غربت اور احساس محرومی سے دو چار اور ان کی جاگیرداروں کی حکمرانی کے اسباب پیدا کرتی رہے گی پنجاب کے عوام جاگ چکے ہیں اور وقت ہے کہ جاگیریں بانٹو پنجاب نہ بانٹو۔ پنجاب کی تقسیم نامنظور تحریک اور پنجاب کے اندر طبقات اتحاد کو اب کوئی جاگیر دار نہیں روک سکتا پنجاب میں بسنے والی اکثریت (85 فیصد) غربت اور جہالت کا شکار ہے پنجاب کے کسانوں کو زرعی اصلاحات کے تحت زمین کا مالک نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار اور یوں ملک میں بلدیاتی نظام کو نچلی سطح تک لاگو کیا گیا تو پاکستان نہ تو مضبوط عوامی جمہوریت کے دور میں داخل ہو سکتا ہے۔ ہم پنجاب کو کاٹنے والوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ پنجاب کی عظیم دھرتی کو جو اپنی جاگیردارانہ طاقت سے کاٹے گا ہم ان کے خلاف پرامن عوامی جدوجہد کرکے ان کے استحصالی حکمران، جاگیردارانہ اور عوام دشمن سٹیٹس کو توڑ کر ایک عوامی تحریک کا آغاز کریں گے۔

مزیدخبریں