کراچی (اسپورٹس رپورٹر) محمد حفیظ نے ورلڈکپ میں اسپنرز کے کردار کو اہم قرار دے دیا۔آئی سی سی کی ویب سائٹ کو ایک انٹرویو میں محمد حفیظ نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے دوران پچز ماضی سے قطعی مختلف دکھائی دیں، ان سے مطابقت حاصل کرنے کیلئے محنت کی ضرورت تھی،اب دیکھتے ہیں کہ ورلڈکپ میں پچز کا رویہ کیسا رہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ کرکٹ کافی تبدیل ہوگئی، میچز جیتنے کیلئے بولرز کا تسلسل کے ساتھ وکٹیں حاصل کرنا ضروری ہے،ابھی تک میرا اندازہ ہے کہ پچزبیٹنگ کیلئے سازگار ہوں گی۔ ان کنڈیشنز میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا لیکن بولرز وہی کامیاب ہونگے جو بیٹسمین کو تذبذب کا شکار کرتے ہوئے پریشان رکھیں۔حفیظ نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز اور وارم اپ میچ میں ناکامیوں کے باوجود مجھے پوری امید ہے کہ پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی، یہاں گرین شرٹس کو ہوم گرائونڈ جیسا ماحول میسر آتا ہے، بڑی تعداد میں موجود تارکین وطن کی حوصلہ افزائی کھلاڑیوں کا حوصلہ جوان کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،اسی سپورٹ کی بدولت ٹیم فارم میں واپس آتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔