کراچی میں بد امنی کودوبارہ واپس نہیں آنے دیں گے:ڈاکٹر امیر شیخ

کراچی (کامرس رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں پڑھے لکھے نوجوان ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق اے آئی جی کراچی امیر شیخ نے کہا ہے کہ بد امنی کا خاتمہ ہوا ہے اب ریکوری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، کراچی میں بد امنی کبھی واپس نہیں آنے دیں گے۔ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری کے باعث جرائم بڑھ رہے ہیں، پڑھے لکھے نوجوان اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں۔انھوں نے کہا کہ نوکری پیشہ نوجوان موبائل چھینتے ہیں، غربت اور بے روزگاری جرائم بڑھنے کی وجوہات ہیں، نوجوانوں سے جیلیں بھری ہوئی ہیں۔دریں اثنا، کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس نے خصوصی مہم چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ایک نوٹی فکیشن کے مطابق شہر کے تمام زونز میں ایک ہفتے کی خصوصی اسنیپ چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے، مہم کے دوران ڈبل سواری پر جانے والے افراد، کالے شیشے والے ہیلمٹ اور ماسک لگانے والے افراد کو چیک کیا جائے گا۔آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ رش والے علاقوں، رات کے اوقات اور اندھیری جگہوں پر اسنیپ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔دوسری طرف کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، آج کورنگی میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن