اسلام آباد (نا مہ نگار) نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ جو ملزم نیب مقدمات میں ضمانت پر ہیں ان کی ضمانت کے فیصلوں کی مصدقہ نقول کے حصول کے بعد معزز عدالتوں میں اپیلز دائر کی جائیں گی، مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی جلد سماعت کیلئے درخواستیںدائر کی جائیں گی۔ مفرور اور اشتہاری ملزموں کی قانون کے مطابق گرفتاری کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نیب کے اجلاس میں شریف خاندان اور آصف زرداری سمیت مختلف سیاسی رہنمائوں کے خلاف مقدمات اور تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے قانون کے مطابق ایک منزل کا تعین کیا ہے جس کا مقصد ملک کو کرپشن فری بنانا ہے۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے نیب ایک قومی ادارہ ہے جس کے افسروں کی وابستگی صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب ہر قسم کے دبائو، دھمکی اور پراپیگنڈہ کی پرواہ کئے بغیر قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے اور دیتا رہے گا۔ اجلاس میں میگاکرپشن کے وائٹ کالر مقدمات میں اب تک کی پیش رفت، نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز، حسن نواز، حسین نواز، احد چیمہ، فواد حسن فواد، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، عمران الحق شیخ اور دیگر کے خلاف اب تک کی تحقیقات، جعلی بینک اکائونٹس مقدمات آصف علی زرداری، عبد الغنی مجید، انور مجید اور دیگر کے خلاف کی گئی تحقیقات اور ملزموں سے اب تک قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی اور قومی خزانے میں جمع کروانے کا جائزہ، پنجاب کی 56 کمپنیوں کے مقدمات کی تحقیقات اور ملزموں سے قوم کی لوٹی گئی اب تک رقوم کی واپسی اور قومی خزانے میں جمع کروانے کا جائزہ، گندم اور شوگر سیکنڈل کی تحقیقات خصوصاََسندھ میں گندم کی چوری اور خوردبرد کے مقدمات میں 10 ارب روپے کی ریکوری، کچھی کینال، گوادرڈویلپمنٹ اتھارٹی،435 آف شور کمپنیوں میں سیف اللہ برادران، علیم خان اور دیگرکے خلاف اب تک کی گئی تحقیقات اور مختلف ملکوں میں بھیجی گئی میوچل لیگل اسسٹنٹس کی درخواستوں پر اب تک کی صورتحال کا جائزہ، خیبر بنک پشاور، انجئیئر امیر مقام ، کیپٹن صفدر، سردار مہتا ب عباسی، اکرم درانی اور دیگر کے خلاف ابتک کی تحقیقات کا جائزہ، جعلی ہائوسنگ /کوآپریٹوہائوسنگ سوسائیٹیوں، مضاربہ/مشارکہ سکینڈلز کا جائزہ لیا گیا اور متاثرین کی جلد از جلد واپسی کیلیے تمام ممکن وسائل بروئے کا ر لانے کا فیصلہ کیا گیا، اشتہاری اور مفرور ملزموں کی گرفتاری کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ مفرور اور اشتہاری ملزموں کی قانون کے مطابق گرفتاری کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیب میں جاری شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوںاور انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا اور مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی جلد سماعت کیلئے درخواستیںدائر کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ جو ملزم نیب مقدمات میں ضمانت پر ہیں ان کی ضمانت کے فیصلوں کی مصدقہ نقول کے حصول کے بعد معزز عدالتوں میں اپیلز دائر کی جائیں گی تاکہ زیر سماعت مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچا یا جائے اور قوم کی لوٹی گئی رقوم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی جائیں۔
شریف خاندان، زرداری سمیت سیاسی رہنمائوں کیخلاف مقدمات، تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ
May 29, 2020