ایٹمی تجربات سے طاقت کا توازن بحال کیا، پاکستان زندہ باد: فوجی ترجمان

May 29, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے 28 مئی 1998ء کوایٹمی تجربات کر کے کم از کم قابل اعتماد نیوکلیئر ڈیٹرنٹ قائم کیا اور اس کے ذریعہ کامیابی کیساتھ خطے میں طاقت کے توازن کو بحال کیا، یہ سب سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک کوششوں سے ممکن ہوا۔ یوم تکبیر کے موقع پر ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر ڈیٹرنس کے حصول کو ممکن بنانے والے تمام افراد انجینئرز اور خاص طور پر سائنسدانوں کو مسلح افواج سلام پیش کرتی ہے۔ آخر میں انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تقاضا ہے کہ پاکستان خطرات سے متعلق چوکنا ہے یہ خطرات ایک ہمسائے کے طرف سے خطے میں غلبہ حاصل کرنے کی خواہش کے باعث ہیں۔ اس ہمسائے نے دقیا نوسی اور انتہا پسندانہ سوچ والوں کی حکومت ہے۔ کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت کے 5اگست کے اقدام نے جنوبی ایشیا کی صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا دیا۔ دنیا نے گزشتہ سال فروری میں بھارتی جارحیت کا مقابلہ دیکھا۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا توازن اور ذمہ دارانہ جواب دیا۔ پاکستان امن پسند ملک ہے‘ ایٹمی طاقت کے طور پر ہمارا رویہ ذمہ دارانہ ہے۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 28مئی کو پاکستان کو اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ہماری ایٹمی قوت پاکستان اور اسکے عوام کے تحفظ و سلامتی کی ضامن ہے۔ قومی وقار اور سالمیت ہمارے لئے سب سے مقدم ہے، قوم ملک کے دفاع اور ترقی کیلئے ایک ہے۔ ان خیالات کا اظہار شبلی فراز نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز صاحبہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والی ایک نسل کی محنت اور کاوش کو ہر چیز کی طرح اپنے خاندان سے نہ جوڑیں۔ اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر ہر مرتبہ میدان سے بھاگنے والوں سے قوم آگاہ ہے جو اپنے بیانیے سے وفا نہ کرسکے وہ عوام سے کیا وفا کریں گے؟۔ آپ کی قیادت کی وفا مٹی سے نہیں پیسے سے رہی۔ ان وفائوں کی تصویریں ایون فیلڈ اور دیگر جائیدادوں کی صورت دنیا بھر میں نظر آتی ہیں۔ قوم کے بچوں کا مستقبل چھین کر اپنی اولادوں کی زندگی بنانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ادھر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام کسی ایک سیاسی شخصیت کا نہیں بلکہ پاکستان کے سائنسدانوں کا قابل فخر کارنامہ ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ایٹمی پروگرام پاکستان کے سائنسدانوں کا قابل فخر کارنامہ ہے، کسی ایک سیاسی شخصیت کی طرف سے اپنی سیاسی دکان چمکانے کیلئے جوہری پروگرام کا کریڈٹ لینے کی کوشش افسوسناک ہے، اس راہ میں کامیابی کن جان جوکھوں سے ملی، قربانی کی داستان نہ کھنگالیں تو ایسے حساس معاملہ پر سیاست بھی نہ کریں۔ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرونا چیلنجزسے نمٹنے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت چل رہے ہیں۔ عوام کو بھوک سے بھی بچانا ہے اور کرونا سے بھی۔ اپوزیشن کرونا کی آڑ میں سیاست کررہی ہے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو کرونا سے بچانے کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے گزشتہ روز وزارت خارجہ میں این اے156 اوراین اے 157 کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ جس میں چودھری خضر حیات سندھو‘ چودھری محمد شریف سندھو‘ چودھری سعد احمد کھرل ‘ چودھری جاوید کھرل‘ چودھری عبدالرحمن سنگھیڑا‘ چودھری ناصر علی سندھو‘ چودھری نصراللہ ناصر چٹھہ‘ چودھری خلیل مان‘چودھری عبدالکریم‘ چودھری منور خالد سندھو‘ ملک عمران ڈوگر ‘ چودھری فیض اور چودھری ولید سندھو شامل تھے۔پاکستان کی طرف سے ایٹمی تجربات کی یاد میں 28 مئی کو یوم تکبیر جوش و خروش سے منایا گیا۔ بھارت کی طرف سے ایٹمی تجربات کی جارحیت کے جواب میں اپنے دفاع میں کئے گئے ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا۔ اس دن کی اہمیت کے حوالہ سے سیمینار، خصوصی پروگرام منعقد ہوئے۔

مزیدخبریں