کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں پی آئی اے کی طیارہ حادثہ کی تحقیقات کے لیے درخواست دائر سماعت کیلئے مقررکر دی گئی ۔ درخواست گزار نے کہا کہ پی آئی اے کی انسپکشن اورکلیئرنس کے بغیرمسافر طیاروں کوروکاجائے،درخواست میں سی ای او پی آئی اے کو بھی فوری طلب کرنے کی استدعا کی گئی ۔سندھ ہائیکورٹ نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعامنظورکرلی جبکہ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2رکنی بینچ درخواستوں کی سماعت(آج) جمعہ کو کرے گا۔واضح رہے کہ جمعہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔
طیارہ حادثہ کی تحقیقات کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر، آج سماعت ہوگی
May 29, 2020