کراچی (اسپورٹس رپورٹر)بولرز کو ماسک پہنانے کے حوالے سے مصباح الحق کی تجویز پر بحث شروع ہوگئی، بھارت کے سابق کرکٹر اجیت اگرکار نے کہاکہ فیلڈرز بھی غیرارادی طور پر گیند پر تھوک لگا سکتے ہیں، اس طرح تو سب کو ماسک پہنانا پڑیںگے۔ منہ ڈھانپ کر بولنگ کرنا نقصان دہ بھی ثابت ہوگا،ادھر ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ ماسک پہن کر دوڑنے سے پھیپھڑے متاثر نہیں ہوتے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ و سلیکٹر مصباح الحق نے گذشتہ روز تجویز دی تھی کہ بولرز غیرارادی طور پر بھی گیند پر تھوک لگا سکتے ہیں، اس لیے انھیں دوران میچ ماسک پہنانے چاہئیں۔ ان کی یہ تجویز اب کرکٹ برادری میں زیربحث آنے لگی ہے۔