کرونا وائرس کی وبا کے دوران بھی پاکستان میں شادیوں کا سیزن عروج پرہے۔ شوبز کے کئی معروف ستارے اس لاک ڈاؤن کے دوران شادی کے بندھن میں بندھے جن میں اداکارہ نمرہ خان، منظرصہبائی اور ثمینہ احمد، اداکار آغاعلی اور حنا الطاف شامل ہیں۔
اس فہرست میں تازہ اضافہ اداکار، پروڈیوسروڈائریکٹردانیال راحیل اور اداکارہ فریال محمود کا ہے۔
گہری دوستی کو زندگی بھر کے تعلق میں بدلنے والی اس جوڑی کا نکاح گزشتہ روز 28 مئی کو لاہور میں ہوا۔
دانیال محمود اداکارہ سیمی راحیل کے بیٹے اور ماڈل مہرین راحیل کے بھائی ہیں جبکہ فریال محمود کراچی اسٹیج کی سابقہ گلوکارہ و اداکارہ روحانی بانو کی بیٹی ہیں جومعروف اداکارہ روحی بانو کی کزن بھی ہیں ۔
شادی کے بعد فیس بُک پردانیال نے فالوورزکویہ خوشخبری سناتے ہوئے لکھا ’’ تقریبا ایک ہفتہ قبل کراچی سے بذریعہ سڑک لاہور پہنچے ۔لیکن ہمارا سفر یہاں شروع نہیں ہواتھا۔
ہم نے اس مقام تک پہنچنےسے پہلے 2 سال گزارے۔ ہم نے گھر والوں کیلئے آدھے دن کی مسافت طے کی تا کہ ہم ایک ساتھ ہوسکیں اور میں یہ بات ہمیشہ سے جانتا تھا ‘‘۔
اداکار نے لکھا ’’میری اہلیہ کا پورا خاندان بیرون ہے، وہ سب ہمارے لیے روتے، مسکراتے اور خوش ہوتے ہوئے فون کے ذریعے رابطے میں تھے‘‘۔
دانیال نے خود کو خوش قسمت ترین انسان کہتے ہوئے تمام انتظامات پر اپنی فیملی کو بھی سراہا ۔
ان کی والدہ نے بھی انسٹا پوسٹ میں بیٹے کی شادی کی خوشخبری شئیرکی۔
دانیال کی بہن سیمی راحیل نے خوش خرم جوڑے کی تصویر انسٹا اسٹوری میں شیئر کی۔
نومبر 2019 میں ثمینہ پیرزادہ کے یو ٹیوب شو ’’ریوائنڈ وِدثمینہ پیرزادہ‘‘ میں فریال محمود نے بتایا تھا کہ ان کی دوستی دانیال راحیل کے ساتھ ہے جو اداکارہ سیمی راحیل کے بیٹے ہیں۔ فریال نے سیمی راحیل کی بےانتہا تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ماں اتنی اچھی کیسے ہوسکتی ہے، وہ مجھ سے بہت پیار کرتی ہیں۔ ہمارے درمیان مسئلہ ہو تو دانیال ان کو کال کرتا ہے اور وہ مجھ سے زیادہ اسی کو سمجھاتی ہیں کہ تمہیں نہیں پتہ اس نے کتنی جدوجہد کی ہے۔ میں انکی بہت شکر گزار ہوں ، وہ مجھ سے کہتی ہیں کہ سب سے پہلے تم ہو اور تمہارا کیرئیرہے۔ میں سوچتی تھی کہ زندگی ایسے ہی گزرے گی لیکن اب کچھ الگ ہے۔
فریال کے معروف ڈراموں میں’’ محبت تم سے نفرت ہے، ’’ تم سے ہی تعلق‘‘ ، ’’ببن خالہ کی بیٹیاں‘‘ اور ’’لال عشق‘‘ شامل ہیں۔