لاہور ( کامرس رپورٹر)پروفیشنل ریسرچ فورم ٹیکسیشن سے متعلق آرڈیننسز کے اجراء پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کی بجائے بیورو کریسی کی تجاویز پر آنکھیں بند کر کے عملدرآمد سے ٹیکس دہندگان کا حکومت پر اعتماد ختم ہو رہا ہے ،سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی روایت نہیں ڈالی ،آٹومیشن سسٹم کے نفاذ سے ٹیکس دہندگان کی تعداد 50لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار پروفیشنل ریسرچ فورم کے چیئرمین سید حسن علی قادری ، صدر علی احمد احسان ،ممبر یو کے سمیر علی قادری ،مینیجر ٹیکسیشن عامر محمود،سابق صدر لاہور ٹیکس بار افتخار شبیراور دیگر نے ''آئندہ بجٹ اورحکومت کی سمت ''کے موضوع پر ٹیکس مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمنسٹی سکیموں کی بجائے برطانیہ طرز پر فلیٹ ریٹس سکیموں کی ضرورت ہے ۔