ایس ای سی پی کی سٹاک ایکسچینج میں کمپنیوں کی ڈائریکٹ لسٹنگ کی منظوری 

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کپیٹل مارکیٹ میں سرمائے کی تشکیل اور مارکیٹ کو وسعت دینے کے پیش نظراسٹاک مارکیٹ میں کمپنیوں کی براہ راست لسٹنگ کے لئے ریگولیٹری فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔ ڈائریکٹ لسٹنگ کا فریم ورک جو کہ تمام شراکت داروں اور عوامی مشاورت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کی رولز بک کا حصہ ہو گا۔ ڈائریکٹ لسٹنگ کے عمل میں کمپنی اپنے موجودہ شئیرز منظور شدہ سرمایہ کاروں کو فروخت کر کے سٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہو جاتی ہے جبکہ اس عمل میں کمپنی کو کسی انٹر میڈرٹیری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ڈائریکٹ لسٹنگ کی سہولت سے کمپنیوں کی سٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ سہل اور آسان ہو جائے گی جس سے کمپنیوں کی کارپوریٹ گورننس میں بھی بہتری آئے گی۔ ایس ای سی پی کے منظور شدہ فریم ورک میں کمپنیاں کے حصص کی منظور شدہ سرمایہ کاروں اور کمپنی کے موجودہ شئیر ہولڈروں کو فراہمی کا طریقہ کار اور شرائط و ضوابط وضح کئے گئے ہیں۔ فریم ورک کے مطابق، کوئی بھی پبلک لمیٹڈ کمپنی جس کا کم سے کم ادا شدہ سرمایہ 200 ملین روپے ہو، اور کمپنی کے گزشتہ دو سال کے اکاوئنٹ آڈٹ شدہ ہوں، سٹاک ایکسچینج میں براہ راست لسٹنگ کے لئے درخواست دے سکتی ہے۔ کمپنیوں کو لسٹنگ کے بعد کارپوریٹ گورننس اور لسٹنگ کے بعد کی کمپلائنس کو یقینی بنانا ہو گا۔ 

ای پیپر دی نیشن