اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ) بیجنگ انٹرنیشنل کوائن ایکسپوزیشن(بی آئی سی ای ) نے چین پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی یاد گاری تمغہ جاری کر دیا ہے ۔ گوادر پرو کے مطابق چین پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 ویں سالگرہ کے موقع پر تمغے کا اجرا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ تمغے کا قطر60 ملی میٹر ہے ، اور 7000 تمغے جاری کیے جائیں گے۔ بی آئی سی ای نے بتایا کہ یادگاری تمغہ سٹیل سے بنا ہے ، جس کا مطلب ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین آہنی دوستی ہے۔ سخت مٹیریل سے نفیس میڈلز بنانا مشکل ہے۔ سٹیل کی بدولت میڈل پائیدار ہے اور آسانی سے ختم نہیں ہوتا ہے اور نہ ہی زنگ آ لود ہوتا ہے۔ اس کے مٹیریل کا مطلب ہے کہ ہماری دوستی اسٹیل سے زیادہ مضبوط ہے۔ بیج کے فرنٹ پر ہاتھ ملانے کا نشان چین اور پاکستان کے مابین دوستی کا نمونہ ہے ،گہری دوستی کی نمائندگی کرتا ہے ۔ تمغے کے پچھلے حصے پر ہمالیہ پہاڑ دونوں ممالک کے درمیان پہاڑ کی طرح اونچی دوستی کی علامت ہے۔ تمغے پر دونوں ممالک کے قومی پھو ل پیونی اور چمبیلی بھی کندہ ہیں، جو چین اور پاکستان کے مابین لازوال دوستی کی علامت ہے۔ تمغے پرچین پاکستان دوستی زندہ باد جیسے الفاظ کندہ ہیں ، تمغے کا مطلب یہ ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مخلصانہ سلوک کر تے ہیں اور ہماری دوستی لازوال ہے۔
پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر یاد گاری تمغہ تیار
May 29, 2021