اسلام آباد( نا مہ نگار)نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) میں کامیاب نوجوان پروگرام کی تقریب تقسیم چیک و اسناد منعقد کی گئی، جسکے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید تھے جبکہ مہمان اعزاز وزیر اعظم کے مشیر برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار جبکہ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر ، چیئرمین نیوٹک سید جاوید حسن، چیف ایگزیکٹیو این آئی ٹی بی شباحت علی شاہ ،ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈئیر محمد بدر ملک ، پروریکٹرز، ڈینز، ڈائریکٹرز ، صدور شعبہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے موصلات نے کہا کہ یہ حکومت نوجوانوں کواکیسویں صدی کے ڈیمانڈکے مطابق مہارتیں فراہم کرنے کے ساتھ،آسان شرائط پر قرضے فراہم کر رہی ہے تا کہ نوجوان خود اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور اووروں کے لئے بھی ملازمتیں پیدا کرنے کا وسیلہ بنیں، انہوں نے کہا کہ انوویشن اور آئیڈیاز سے آپ دنیا کو مسخر کر سکتے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔نوجوانوں کو کاروبارمیں آنا چاہیئے اور یہ حکومت اس حوالے سے ہر لحاظ سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے کہا کہ انکی حکومت پہلی مرتبہ نوجوانوں کو وسائل تک رسائی دے رہی ہے نوجوان اس ضمن میں مستعدی کا مظاہرہ کریں اور اچھوتے آئیڈیا ز کے ساتھ آئیں، انہوں نے کہا کہ نمل انتظامیہ کا شکریہ کہ انہوں نے ہر لحاظ سے تعاون کیا اور مستقبل میں نمل کے طلبہ کو مزید سکالر شپس بھی مہیا کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا انحصارنوجوان نسل پر ہے،حکومت کا موجودہ اقدام یوتھ پر ہمارا یقین ہے۔قبل ازیں ، ریکٹر نمل میجر جنرل محمد جعفر نے اپنے استقبالیہ خطبے میں معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ، اور نمل کے 50طلبہ جنہوں نے سائبر سیکیورٹی اور ٓرٹیفیشل انٹیلجینس میں کامیابی سے کورس مکمل کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔ آخر میں طلبہ میں چیکس اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔
نوجوانوں کاروبارکیطرف آئیں،حکومت ہرممکن تعاون کریگی، مراد سعید
May 29, 2021