کراچی(وقائع نگار)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کے مشیر مرتضی وہاب نے بلاول ہائوس کراچی میں ملاقات کی ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ اور مشیر قانون کے درمیان شہر قائد کے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص واٹر اسکیموں اور، 2017 کی مردم شماری کے متنازع نتائج کے معاملے پر بھی گفتگوہوئی ،اس موقع پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ وفاقی حکومت نے غیرقانونی اور غیرمنصفانہ طریقے سے مردم شماری کے متنازع نتائج کو منظور کیا، وزیراعلی سندھ مشترکہ مفادات کونسل کے وہ واحد رکن تھے کہ جنہوں نے مردم شماری کے متنازع نتائج کی منظوری سے اختلاف کیا،وزیراعلی سندھ نے مشترکہ مفادات کونسل میں سندھ اور بلوچستان کی مردم شماری کے اعدادوشمار کم کرنے کا معاملہ رکھا،سندھ حکومت کی مخالفت کے باوجود مردم شماری کے متنازع نتائج کی منظوری کے معاملے کو آرٹیکل 154 کے تحت پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں لانے کا فیصلہ کیاگیا۔