پنجاب حکومت نے آوارہ کتوں کے حوالے سے جامع پالیسی تیارکرلی

May 29, 2021

 لاہور(سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے آوارہ کتوں کیلئے جامع پالیسی تیار کر لی ہے جس کی با قاعدہ منظوری صوبائی کابینہ سے لی جائے گی۔ پالیسی کے تحت آوارہ کتوں کو مارنے کی بجائے انکی نسل کو بڑھنے سے روکنے کیلئے متبادل طریقے استعمال کئے جائیں گے اور انہیں تربیت فراہم کرکے سیکیورٹی اورسراغ رسانی کے مقاصد کیلئے فروخت بھی کیا جا سکے گا۔پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری، یونیو رسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر مسعود ربانی اور محکمہ لائیو سٹاک، بلدیات اور قانون کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ آوارہ کتوں کو ہلاک کرنا کسی صورت اس مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جاندار کومارنا ایک بے رحمانہ عمل ہے اور ہمارے مذہب میں بھی اس سے منع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں میں بھی اس طریقہ کار بارے تحفظات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت آوارہ کتوں کی آبادی کی روک تھام کیلئے انہیں بانجھ بنانے کے طریقے اپنائے جائیں گے اور اس سلسلے میں لائیو سٹاک، بلدیات اور دیگرمتعلقہ محکمے ملکر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کو تربیت فراہم کر کے انہیں سیکیورٹی اورسراغ رسانی کیلئے فروخت بھی کیا جاسکے ہے۔

مزیدخبریں