ایٹمی دھماکوں کی سالگرہ، یوم تکبیر جوش و خروش سے منایا گیا

May 29, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) گزشتہ روز ایٹمی دھماکوں کی سالگرہ کے سلسلے میں ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و خروش سے منایا گیا۔ محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ 1971ء میں ملک کے ٹکڑے ہونے  پر دل افسردہ ہو گیا اس لئے سب کچھ چھوڑ کر واپس اپنے ملک آ گیا اور ایٹم بم بنانے کی تجویز پیش کی۔ 28 مئی 1998ء کو پاکستان پہلا اسلامی ایٹمی ملک بن کر ابھرا۔ پاکستان کو کوئی اب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ اب اپنی زندگی فلاحی کاموں کیلئے وقف کر دی ہے۔ سی ای او ڈاکٹر شوکت ورک کی محنت  سے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ ہم سب فلاحی کاموں کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ ہمیں سیاست سے ہٹ کر ملک کی خدمت کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے  ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال میں یوم تکبیر کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور پاکستانی سائنسدان کو بھر پور الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں الحاج قیصر امین بٹ‘ سی ای او ڈاکٹر شوکت ورک‘ معروف اداکار توقیر ناصر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں تاجر رہنما چودھری رمضان گجر‘ حماد قیصر‘ کرنل ریٹائرڈ ارشد طاہر‘ معظم شوکت ورک‘ سہیل مغل‘ ایم ایس ڈاکٹر اسحاق کمبوہ‘ طارق جنجوعہ‘ مدثر چودھری ایڈووکیٹ‘ راجہ نعیم اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کی مناسبت سے کیک  بھی کاٹا گیا۔

مزیدخبریں