کرونا: 67 اموات، فائزر ویکسین آگئی، ایک مریض میں بھارتی وائرس کی تصدیق

May 29, 2021

  اسلام آباد+ لاہور  (خبر نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ سٹی رپورٹر )  ملک میں کرونا وائرس سے مزید 67 افراد جاں بحق، اموات کی تعداد 20 ہزار 607 ہوگئی۔کیسز کی تعداد 9 لاکھ 13ہزار 784 ہوگئی۔2482  نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 51625  نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ دنیا  میں مصدقہ کیسز تعداد 16 کروڑ 87 لاکھ 77ہزار 246ہو گئے۔این سی او سی  نے18 سال سے زائد عمر کے اساتذہ  اور تدریسی عملے کیلئے واک ان ویکسین کا اعلان کر دیا۔ وزارت صحت نے پاکستان میں بھارتی اور جنوبی افریقی کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کر دی۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں بھارتی اور جنوبی افریقہ کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جنوبی افریقی ویرنینٹ کے 7 کیسز اور بھارتی ویرنینٹ کا ایک کیس پایا گیا ہے۔  سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا نے کراچی میں جنوبی افریقی قسم کے تیزی سے پھیلنے کی تصدیق کی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ 57 افراد کے نمونوں پر سیرولوجیکل تحقیق کی گئی ہے جن میں سے کراچی میں 71 فیصد کیسز کرونا کی جنوبی افریقی قسم کے رپورٹ ہوئے اور 20 فیصد کیسز برطانوی قسم کے ہیں۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کے ہمراہ گورنمنٹ پائلٹ سکول وحدت روڈ پر نئے ویکسینیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم کے علاوہ صحت اور تعلیم کے محکمہ جات کے متعلقہ افسران موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ الحمد للہ پنجاب بھرمیں ویکسینیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب میں 35لاکھ سے زائد شہریوں کو ویکسین لگاچکے ہیں۔ این سی او سی  نے اساتذہ کیلئے واک ان ویکسین کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جون کے مہینے سے ڈھائی لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائیں گے۔ جولائی کے مہینے سے ساڑھے تین سے چار لاکھ شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر ویکسین لگائی جائے گی۔ ہر محکمہ کے فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگانا انتہائی اہم قدم ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کرونا کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے تمام فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو بھی ویکسین لگائیں گے۔ اساتذہ ویکسین کیلئے اپنا شناختی کارڈ اور جاب کارڈ ہمراہ لائیں۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ پنجاب کے تمام اساتذہ کو 7جون سے پہلے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی کوشش کریں گے۔ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ بھی ہمارے اساتذہ ہیں۔ ڈاکٹر مراد راس نے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف سے 7جون سے پہلے آکر اپنے آپ کو ویکسینیٹ کروانے کی اپیل بھی کی۔ بعدازاں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ویکسینیشن کے حوالہ سے آسانیاں پیدا کررہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت اور این سی اوسی کی ہدایات کے مطابق آسٹرازینیکا ویکسین 40سال عمر سے زائد افراد کو لگائی جارہی ہے۔ وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ بچوں کو گرمیوں کی دوسے تین ہفتے کی چھٹیاں دی جائیں گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ  یونیورسل ہیلتھ کوریج  کیلئے  آغاز کیا ہے۔ آئندہ آپ کا شناختی کارڈ ہی انشورنس کارڈ ہوگا۔ خیبر پی کے میں پانچ اضلاع میں 31 مئی سے خلیجی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ کرونا ویکسین فائزر کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق فائزر ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی۔

مزیدخبریں