اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس بحال کرنے کے خلاف درخواست میں فریقین سے دلائل طلب کر لئے۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے، جبکہ طلبی کے باوجود الیکشن کمیشن میں درخواست گزار ایم پی اے ارسلان تاج عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ارسلان تاج کو دوبارہ نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہاکہ پہلے فریال تالپور کو نوٹس کئے جو ان کو ملے پھر الیکشن کمیشن نے کیس بحال کیا۔ پھر فریال تالپور نے نظرثانی دائر کی ان کو پورا وقت دیا اور سنا گیا۔ عدالت نے سٹے دے رکھا ہے اور الیکشن کمیشن میں پروسیڈنگز رکی ہوئیں ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ سماعت پر پٹشنر کے دلائل سن لیتے ہیں پھر فیصلہ کریں گے، آئندہ سماعت پر دلائل نہ ہوئے تو سٹے آرڈر ختم کردیں گے۔
نااہلی کیس بحالی کیخلاف فریال تالپور کی درخواست پر فریقین سے دلائل طلب
May 29, 2021