اسلام آباد (خبرنگار) عراقی ہم منصب کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی عراق کے تین روزہ دورے پر بغداد گئے۔ وزیر خارجہ نے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات، کثیر جہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تجارت‘ سرمایہ کاری‘ زراعت‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ، عراقی صدر برہام صالح سمیت عراق کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عراق کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر صالح التمیمی، پاکستان میں عراقی سفیر حامد لفطہ، عراق میں پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی اور عراقی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی عراقی قیادت کو مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی امور پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔ اس دوران پاکستان اور عراق کے مابین، او آئی سی، اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں، کی سطح پر دو طرفہ تعاون پر فروغ بھی زیر بحث آئے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ، ہر سال عراق جانے والے ہزاروں پاکستانی زائرین کی سہولت اور بہتر سفری انتظامات کے لیے عراقی قیادت سے بات چیت کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے بغداد میں پیران پیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے روضہ مبارک پر حاضری دی۔ درگاہ غوث الثقلین کے متولی نے مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کیا۔ شاہ محمود قریشی نے روضہ مبارک سے ملحقہ جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے روضہ اقدس پر حاضری کے دوران امت مسلمہ کے اتحاد‘ پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی اور کرونا وبا سمیت آفات و بلیات سے خلاصی کیلئے خصوصی دعا کی۔