اسلام آباد (نامہ نگار‘خصوصی نامہ نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ملاقات کی جس میں چیئرمین نیب نے نیب رپورٹ برائے سال 2020ء صدر مملکت کو پیش کی ،صدر مملکت نے سال 2020ء میں 323 ارب روپے کی ریکوری پر نیب کی تعریف کی ،صدرمملکت نے بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائی کرنے پر نیب کے کردار کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہاکہ بدعنوانی کے خاتمے ، شفاف گورننس اور احتساب کے فروغ کیلئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بدعنوانی قوم کو ایک بہت بڑا چیلنج درپیش ہے ، بدعنوانی کی حوصلہ شکنی معاشرے کے تمام طبقات کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ معاشرے کے تمام طبقات ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں کی حمایت کریں، بدعنوانی سے پاک پاکستان کے وڑن کی تکمیل کے لئے احتساب سب کیلئے یقینی بنانے کی ضرورت ہے رپورٹ کے مطابق نیب کوسال 2020ء میں 24،706 شکایات موصول ہوئی ،گذشتہ سال کی شکایات سمیت کل 30،405 شکایات نمٹا ئی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 878 شکایات کی توثیق پر کارروائی ، 369 انکوائریز کی گئی، گذشتہ سال احتساب عدالتوں کے سامنے 136 ریفرنسز دائر کیے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے دوران استغاثہ کی کامیابی کا مجموعی تناسب 66 فیصد رہا۔ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی، نیب نے کارکردگی کی سالانہ رپورٹ نیب آرڈیننس ، 1999 کے تحت صدر مملکت کو پیش کی ۔