وزیراعظم سے قربان فاطمہ کی ملاقات بھاری  اکثریت سے پھرمنتخب کرانے کیلئے منت، لیہ میں ننگے پاوں پھرتی رہیں

May 29, 2021

ملتان(لیڈی رپورٹر)وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہاہے کہ ترقی کا سفر دیہی علاقو ں کی طرف موڑ دیا ہے تاکہ وہاں کے عوام بھی ملکی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ ملکی معیشت پر گرفت بتدریج مضبوط ہو رہی ہے۔ قوم کو جلد اچھی خبریں دیں گے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیہ میں پی ٹی آئی خواتین ونگ جنوبی پنجاب کی جنرل سیکرٹری قربان فاطمہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا خواتین کی اہمیت سے انکارکرنے والی قومیں کبھی ترقی نہیں کرسکتیں۔ خواتین کو اختیارت دئیے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا سابقہ انتخابات میں نظر انداز ہونے والی خواتین کو ادارو ںمیں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما قربان فاطمہ نے پاکستان کے وقار کو بلند کرنے ملکی معیشت کی بہتری ‘ ملک میں غربت کے خاتمے اور فلسطین کے معاملے پر بھرپور اور دو ٹوک موقف اپنانے پر وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو درخواست پیش کی کہ جنوبی پنجاب خواتین کی تنظیم کو ملاقات کا وقت دیا جائے۔ جس پر انہوںنے اپنے عملے کو ہدایت کی کہ جلد ہی ملاقات کا ٹائم طے کیا جائے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما قربان فاطمہ وزیراعظم کے دورہ لیہ کے دوران شدید گرمی میں جوتی اتار کر پھرتی رہیںانہوں نے منت مانی تھی کہ وزیراعظم کہ دورہ کے دوران بغیر جوتی کے چلیں گی تاکہ اگلے عام انتخابات میں بھی وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہوں۔

مزیدخبریں