لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے فنی مہارتوں اور پیشہ ورانہ علوم و فنون کے ذریعے بے روزگار ی کے خاتمے کیلئے پہلی مرتبہ نوجوانوں کیلئے 170 ۔ہزار روپے کے وظائف دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ نئے بجٹ میں حکومت پنجاب معقول اور باعزت روزگار دینے والے جدید عصری علوم و فنون کے فروغ کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص کرے گی۔ علاوہ ازیںبے روزگار مگر ہنر مند نوجوانوں کو اپنا روزگارشروع کرنے کیلئے 100 ارب روپے کے قرضے آسان شرائط پر دینے کے فیصلے انقلابی اقدامات ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے یہ بات مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے معززین کے وفود سے اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ غربت و بے روزگاری کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت نے جو عملی اقدامات اٹھائے ہیں وہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتے ۔ حکومت نے تشہیر پر زور دینے کی بجائے عمل پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء ، روزگار دلوانے والی جدید فنی تعلیم کا فروغ اور احساس کفالت سمیت عملی اقدامات کے نتیجے میں غربت میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ انہو ںنے کہا کہ ’’خدمت آپکی دہلیز پر ‘‘ شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کا ایسا منصوبہ ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔