کراچی)اے پی پی(کووڈ۔19 کے باعث پیش آنے والے چیلنجز اور رکاوٹوں کے باوجود انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کے2020 کے فارغ التحصیل طلبا نے مقامی جا ب ما رکیٹ میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔آئی بی اے کے کیریئر ڈویلپمنٹ سینٹر نے حال ہی میں 2020 کی گریجویٹ کلاس کی ملازمت اور تقرری کے اعدادوشمار کی رپورٹ جاری کی۔سالانہ اعداد و شمار گریجویٹ ہونے والے طلبا سے ایک آن لائن سروے کے ذریعے حاصل کیے جاتے ہیں۔ 2020 کے سروے میں انسٹی ٹیوٹ کے ڈگری پروگراموں کے 601 گریجویٹس نے حصہ لیا۔سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 80 فیصد سے زیادہ فارغ التحصیل افراد کوقابل ذکر اداروں میں اپنی گریجویشن کے فورابعد ہی متاثر کن تنخواہوں پر ملازمت کے مواقع فراہم ہوئے جبکہ 5فیصد طلبااپنے کاروبارسے منسلک رہے اور 4 فیصدنے مزید تعلیم کے حصول کوترجیح دی۔طلبا کی ملازمت کے لئے بیشتر شعبوں کی دستیابی رہی جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ19 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہاجبکہ بینکاری اور ای کامرس کے شعبے,12 12 فیصدکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ مالیاتی ادارے (6.5فیصد) اور اشتہارات اور میڈیا (5فیصد) کے شعبے بھی روزگار کے اولین مواقعوں میں شامل رہے۔سروے میں مزید روشنی ڈالی گئی ہے کہ انڈرگریجویٹ ڈگری ہولڈرز کی اوسط تنخواہ میں 2019 سے 4فیصد اضافہ ہوا ہے۔آئی بی اے اپنے فارغ التحصیل افراد کو پیشہ ورانہ زندگی کے لئے تیار کرتا ہے، ان کے کیریئر کے امکانات کو فروغ دیتا ہے، اور سافٹ سکلز کی نشوونما اور تعلیمی نظم وضبط کی جامع تربیت کی وجہ سے جاب مارکیٹ میں مسابقتی فائدہ فراہم کرتاہے۔اس سال کے شروع میں تین نئے سکولوں( سکول آف بزنس اسٹڈیز، سکول آف سوشل سائنسز اینڈ لبرل آرٹس اور سکول آف متھمٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس)کے اجرا کے ساتھ آئی بی اے کا مقصد اپنے ڈگری پروگراموں اور نصاب میں بہتری لانے کیساتھ اپنے طلبا کو کامیاب مستقبل کے لئے تیار کرنا ہے۔
آئی بی اے کے فارغ التحصیل طلبا کا مقامی جا ب ما رکیٹ میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ
May 29, 2021