کراچی (وقائع نگارٌ)کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری عاجز جمالی نے سندھ اسمبلی سے سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن بل 2021 کی متفقہ منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے سندھ حکومت اور سندھ اسمبلی میں موجود اراکین سندھ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کے یو جے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عرصہ دراز سے ہمارا صحافیوں کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا مطالبہ رہا ہے۔ اور آج تاریخی دن ہے کہ سندھ اسمبلی نے قانون کی منظوری دیدی جس پر اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ منظور شدہ قانون پر عمل کیا جائے گا، کے یو جے نے کہا کہ وزیر اطلاعات اور محکمہ اطلاعات اور قائمہ کمیٹی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ تمام مشاورتی عمل میں شامل رکھا۔