فلسطین کی آزادی تک امت مسلمہ چین سے نہیں بیٹھے گی،خالد خان

May 29, 2021

کراچی(نیوز رپورٹر)فلسطین کی آزادی تک امت مسلمہ چین سے نہیں بیٹھے گی ۔ مسلم حکمرانوں کو فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات اُٹھانے ہوں گے ۔ محنت کش فلسطین کی آزادی کے لیے کٹ مریں گے ۔ یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے کراچی پریس کلب پر این ایل یف کراچی کے تحت فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکریٹری محمد قاسم جمال ، سینئر نائب صدر محمد صضیر احمد انصاری ، نائب صدر محمد سلیم ، مناظر الحسن ، این ایل ایف فشری یونین کے صدر نور حسین اراکانی ، امیر روان ، اسرار احمد خان سواتی ، ارشاد بھٹو اور کے پی ٹی ریٹائرڈ ایکشن کمیٹی کے صدر بخت زادہ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر محنت کشوں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز ، پلے کارڈز اور بڑی تعداد میں فلسطین کے جھنڈے بھی اُٹھائے ہو ئے تھے ۔ خالد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ کی ایماء پر اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر جارحیت کی ہے اور معصوم بچوں ، خواتین کا قتل عام کیا گیا ہے ۔ سینکڑوں عمارتوں کو مسمار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت اسرائیل پر معصوم بچوں ، خواتین پر جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کرے اور مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کو اسرائیل سے آزاد کرایا جائے ۔ محنت کش فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اپنی یکجہتی جاری رکھے گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکریٹری محمد قاسم جمال نے کہا کہ کراچی امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ہے ، کراچی سے اُٹھنے والی ہر آواز پوری دنیا میں سنی جا تی ہے ۔ اسرائیل فلسطین سے فوری طور پر نکل جائے ورنہ فلسطین اسرائیل کا قبرستان بن جائے گا ۔ صغیر احمد انصاری نے کہا کہ مسلم حکمران فلسطین کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ محمد سلیم نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں نے اسرائیلی فوجیوں کو پتھروں سے شکست دی ہے ۔ نور حسین اراکانی نے کہا کہ فلسطین جہاد کے ذریعے ہی آزاد ہو گا ۔ امیر روان نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کا نا جائز قبضہ کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے ۔ اسرار احمد سواتی نے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ نے قراردادوں کے سوا مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا ہے ۔ ارشاد احمد بھٹو نے کہا کہ این ایل ایف نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے محنت کشوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔

مزیدخبریں