قاہرہ (نوائے وقت رپورٹ) مصر کی عالمی شہرت یافتہ درس گاہ جامعہ الازہر کے شیخ ڈاکٹر احمد الطیب نے خبردار کیا کہ مرد ایک بیوی پر اکتفا کریں کیوں کہ اکثر دوسری شادی، بیوی اور بچوں پر ظلم کا باعث بنتی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق مصری دارالحکومت میں ایک چینل کو انٹرویو میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا کہ ایک سے زائد شادی سے متعلق آیات کو اس کے حقیقی تناظر میں انتہائی تدبر کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا چاہیے۔ ڈاکٹر احمد الطیب کا مزید کہنا تھا کہ ایک سے زائد شادی کے قائل افراد شدید غلط فہمی کا شکار ہیں۔ ایک بیوی کی موجودگی میں دوسری شادی کی آزادی نہیں البتہ صرف ٹھوس وجوہات پر ہی مشروط اجازت دی سکتی ہے۔