برمنگھم ،سرینگر،جموں (آئی این پی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں، اسلام آباد میں 2 نوجوان شہید کر دئیے، 4 روز میں تعداد 12 ہوگئی۔ جموں میںپولیس نے ایک معروف سماجی کارکن وقار حسین بھٹی سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا ۔سرحد پار سے آمدہ اطلاعات کے مطابق وقار حسین بھٹی کو جو جموں وکشمیر سے متعلق بھارتی میڈیا کے مباحثوں میں بھی حصہ لیتے ہیں پولیس نے شیولنگ کے بارے میں ٹویٹ کے الزام میں گرفتار کیا ۔جبکہ ضلع گاندربل میں آج( ہفتہ ) ایک 28 سالہ نوجوان کی پراسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی۔ ڈیموکریٹک حریت فرنٹ (ڈی ایچ ایف) نے شوپیاں میں باوردی بھارتی اہلکاروں کی طرف سے دو خواتین کی عصمت دری اور قتل کی مذمت کرتے ہوئے بہیمانہ واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ دہرایا ہے تاکہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے آسیہ اور نیلوفر نامی خواتین کو 29 مئی 2009 کی شام اس وقت اغوا کیا تھا جب وہ شوپیاں میں اپنے باغات کی دیکھ بھال کے لیے گئی تھیں۔ دوسری جانب برطانیہ میں مقیم تارکین وطن کشمیریوں نے بھارتی عدالت کیطرف سے کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا کو فوری طور پر واپس لینے اور انکی رہائی کے لیے کئی شہروں میںزبردست مظاہرے کیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مظاہروں کی کال تحریک کشمیر برطانیہ نے دی تھی ۔