اسلام آباد(محمد صلاح الدین خان )ہکلہ، ڈیرہ اسمعٰیل خان 297کلومیٹرز موٹروے روڈ پر سہولیات کا فقدان، جلد بازی میں افتتاح تو کردیا گیا ’’سروس ایریا‘‘ کے صرف چند پوائنٹس بنائے گئے ہیںمگر وہاں مسجد، پانی،پٹرول، اشیاء خوردونوش کی چیزوں کی شارٹیج کی وجہ سے شہری خوار ہوگئے ہیں۔سفر کرنے والے شہریوں نے نوائے وقت کو بتایا کہ کئی کئی کلو میٹرز تک کوئی سروس ایریا موجود نہیں موبائل سگنل بھی بہت کمزور ہیں بات کرتے ہوئے کئی بار کال کٹتی ہے سروس ایریاز میں اشیاء خوردو نوش کی کمی ہے جبکہ کئی جگہ تو پانی موجود نہیں اگر کہیں پانی ہے تو اپنی مدد آپ کے تحت ڈبے بھر بھر کر لانا پڑتا ہے مشکل میں موٹر وے پولیس کو ہیلپ لائن پر کال کریں تو گھنٹوں بعد مدد پہنچتی ہے اس حوالے سے جب موٹر وے پولیس سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ سہولیات کی فراہمی کے لیے کام تیزی کی جارہی ہے تھوڑا وقت لگے گا سب بہتر ہوجائے گا ۔ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق ہکلہ(اسلام آباد)سے ڈیرہ اسمعٰیل خان 297کلومیٹرز روڈ کا منصوبہ 7اکتوبر 2016کو شروع کیا گیا اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 5جنوری 2022کو اس کا افتتاح کیا اس منصوبہ کا تخمینہ لاگت 112,181ملین ڈالرز تھا ابھی یہ 4لائین منصوبہ ہے بعد ازاں مستقبل میں یہ 6لائین کردیا جائے گا،اس منصوبہ سے 6700لوگوں کو ملازمت کے مواقع ملے یہ اسلام آباد، کالاباغ، چشمہ ، لکی مروت ، عبدالخیل ، ڈیرہ اسمعٰیل خان کو لنک کرتا ہے ، اسلام آباد ،ڈی آئی اے فاصلہ 5گھنٹے سے کم ہوکر ڈھائی گھنٹہ میں طے ہوتا ہے ،یہ موٹر وے منصوبہ ایف ڈبلیو او نے مکمل کیا اس کا 52کلو میٹر فاصلہ سی پیک منصوبہ میں آتا ہے M-14 یعنی اس کاحصہ ہے اس موٹر وے پر 11انٹر چینج، 36پل، 33فلائی اورز، 119انڈر پاسزتعمیر ہوئے ہیں اس کامقصد ڈیرہ اسمعٰیل اور منسلک علاقوں کی تعمیر و ترقی تھا ، ڈیرہ اسمعٰیل خان، شمالی پنجاب، جنوبی خیبر پختوانخواہ او ربلوچستان کے لیے کاروباری مرکز کے طور پر راستے فراہم کرنا تھا تاکہ یہاں کی زرعی اجناس کی بڑی منڈیوں تک ترسیل آسان ہو جائے ۔