حمزہ نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی کی منظوری دیدی 

May 29, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی لگانے کی اصولی منظوری دے دی ہے اور کہا ہے کہ تاریخی پارک کو جلسوں کیلئے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں۔ حمزہ شہباز نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے گریٹر اقبال میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز مسترد کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے، کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں کروں گا، اس تجویز پر غور کرنا تو دور کی بات، اسے اجلاس میں پیش کرنا بھی مناسب نہیں۔ وزیراعلیٰ نے سابق دور میں پودوں کے بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور اس  کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی کا بورڈ جلد مکمل کیا جائے۔ گھروں میں کام کرنے والے مالیوں کو فی الفور واپس بلایا جائے اور میرے گھر میں بھی اگر کوئی مالی ہے تو اسے بھی واپس بلا یا جائے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔ جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کرکے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔ جلو بوٹینیکل پارک میں بٹرفلائی ہائوس کو بھی جلد فنکشنل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے واٹس ایپ گروپ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ گروپ میں کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی اور اس جلسے سے پارک کو تقریباً 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ حمزہ شہباز نے زندہ دلان لاہور میٹرو بس سروس کے انفراسٹرکچر کو بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں لاہور میٹرو بس سروس کے امور اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس عام آدمی کی سواری ہے۔ سابق دور میں فلاح عامہ کے اس منصوبے کو بری طرح نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سٹیشن پر بسوں کی آمدورفت کے بارے لاؤڈ سپیکر سے مسافروں کو اپ ڈیٹ رکھنے کا میکنزم وضع کیا جائے۔ حمزہ شہباز نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان  کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ حمزہ شہباز نے تھانہ سید والہ کی حدود میں دو بہنوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ریلیف پیکج سے خلق خدا کی مشکلات کم ہوں گی یہ ہے وہ احساس جو شہبازشریف کی عوامی خدمت کا خاصا ہے۔ عمران نیازی تم الٹے بھی ہو جاؤ شہباز شریف کی ہوا کو نہیں چھو سکتے۔ حمزہ شہباز نے خاتون کے غیر شائستہ سلوک پر صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل شہباز کو شاباش دی ہے۔ 

مزیدخبریں