کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج بھی پاکستان کے اعلی ترین ایوانوں میں صرف ایم کیو ایم پاکستان کے نمائندے ہی غریب اور متوسط طبقے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم اپنے قیام کے روز اول سے جاگیردارانہ، وڈیرہ شاہی فرسودہ سیاسی نظام کے خاتمے کی جدوجہد کر رہی ہے اور یہ ایم کیو ایم کا کارنامہ ہے کہ مڈل کلاس طبقے کو بڑے بڑے جاگیرداروں اور وڈیروں کے ایوان میں ان کے برابر بٹھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے این اے240میں انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ لانڈھی کی عوام سے کہتا ہوں کہ یہ انتخاب نہیں بلکہ امتحان ہے،یہ انتخاب تمام سازشوں پر کاری ضرب لگائے گا آج حق پرستی کی تحریک پھر سے لانڈھی سے شروع ہونے جارہی ہے اور مڈل کلاس کے لوگوں کی کامیابی کا ایک نیا آغاز ہونے جارہا ہے، لانڈ ھی کے باشعور عوام کی واحد نمائندہ جماعت کی جانب سے حلقہ این اے 240کیلئے محمد ابو بکر کونامزد کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانڈھی کے عوام نے ہر دور میں مشکلات برداشت کیں، ہر دور میں حق پرستی کی تحریک کا ثابت قدمی سے ساتھ دیا، تمام ترمظالم سہے مگر حق پرستی کا دامن نہ چھوڑا۔ 16جون کو ایک بار پھر لانڈھی کے حق پرست عوام اپنے نمائندے اور اپنی جماعت کو اپنے ووٹ سے سرخرو کرے گی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کے ساتھ ہمیشہ ہر دور حکومت میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ اب ارباب اختیار کو سوچنا ہوگا کہ کب تک یہ یکطرفہ معاملہ چلے گا، میں یہ بار واضع کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر پاکستان کو چلانا اور ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے تو پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کے ہاتھوں میں دینا ہوگا۔خالد مقبول صدیقی نے میڈیا نمائندگان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا خواب اپنی منزل تک ضرور پہنچے گا اور اسے تعبیر ہم دینگے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم جہاں کھڑے ہیں وہیں کھڑے رہیں گے الیکشن جیتنا ہمارا مقصد نہیں، اسمبلیوں میں بنیادی اور شراکتی جمہوریت وہیں ہوتی ہیں جہاں ایم کیو ایم پاکستان کے نمائندے ہوتے ہیں۔
جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد جاری رہے گی : خالد مقبول
May 29, 2022