کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ہفتے کے روز ضلع وسطی کی اہم سڑک شاہراہ نورجہاں کی ایک ارب تیس کروڑ روپے کی لاگت سے از سر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، یہ دورویہ سڑک عبداللہ گرلز کالج سے قلندری چوک تک تعمیر کی جائے گی، 4.288 کلومیٹر دو رویہ سڑک کی چوڑائی 11 میٹر ہوگی مین شاہراہ کے ساتھ سروس روڈ بھی تعمیر کئے جائیں گے جبکہ ڈرینیج سسٹم، سیوریج اور اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی جائیں گی، سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب شپ اونر چورنگی پر منعقد ہوئی، تقریب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم، پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن، جنرل سیکریٹری دل محمد، انفارمیشن سیکریٹری شہزاد مجید، مقامی رہنمائوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے سے ہمارا کوئی نمائندہ منتخب نہیں ہوا تھا، یہاں سے پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی ممبران منتخب ہوئے لیکن کام ہم کررہے ہیں، یہاں وعدے کسی اور نے کئے نعرے کسی اور نے لگائے لیکن وعدوں کی تکمیل پاکستان پیپلز پارٹی کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں بھر پور طریقے سے ترقیاتی کام جاری ہیں، یہاں کے علاقوں کی صفائی ستھرائی کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے اپنا کام شروع کردیا ہے، ناظم آباد زون میں یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے، اور اگلے دو ماہ میں دیگر علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، 28 پارکوں کی تزئین و آرائش کرکے شہریوں کے لئے کھول دیئے گئے ہیں جو برسوں سے اجاڑ تھے اور کچرا کنڈیوں میں تبدیل ہوچکے تھے، انہوں نے کہا کہ اسی طرح سائٹ کے علاقے میں 17 سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں جوہر چورنگی پر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک فلائی اوور اور ایک انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج جو ضلع وسطی کی شان ہوا کرتا تھا اسے ماضی میں یونیورسٹی میں تبدیل نہیں کرایا جاسکا، لیکن میں نے اپنے وعدے کی تکمیل کی ہے اور یونیورسٹی بنانے کے لئے کابینہ سے باقاعدہ منظوری لے لی گئی ہے۔
شاہراہ نورجہاں کی ازسر نو تعمیر
May 29, 2022