کراچی (پی پی آئی)معروف گلوکار ابرار الحق نے اعلان کیا ہے کہ اگر معروف بھارتی فلم ساز کرن جوہر اور دیگر اداکار ’کشمیر کی آزادی‘ کا نعرہ لگائیں تو وہ انہیں اپنا گانا ’نچ پنجابن نچ’ بطور تحفہ دے دیں گے۔ابرالحق نے یہ اعلان بھارتی فلم ساز کرن جوہر کی جانب سے اپنا مذکورہ گانا چوری کرکے آنے والی فلم ‘جگ جگ جیو‘ میں شامل کرنے کے بعد کیا۔ابرار الحق نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فلم سازوں نے ان کا گانا چوری کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کا تیسرا یا چوتھا گانا چوری کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بولی وڈ کے لوگ اربوں روپے فلموں پر خرچ کرکے اربوں روپے کماتے ہیں مگر ان میں تخلیقی صلاحیت نہیں، ان کے پاس اچھے میوزک کمپوزر ہی نہیں۔ ابرارالحق نے واضح کیا کہ انہوں نے نہ تو ’نچ پنجابن نچ‘ کے کاپی رائٹس فروخت کیے اور نہ ہی انہوں نے گانے کو بھارتی فلم میں شامل کرنے کی اجازت دی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گانا چوری کیے جانے کے بعد بھارت، پاکستان اور برطانیہ میں اپنے وکلا سے مشورہ کیا ہے، وہ جلد ہی گانا چوری کرنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے تاحال نہیں سوچا کہ وہ کتنے پیسوں کا ہرجانہ دعویٰ دائر کریں گے۔
بالی ووڈ والو،کشمیر کی آزادی‘ کا نعرہ لگائو، گانا گفٹ کردوں گا، ابرارالحق
May 29, 2022