شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ کے عہدیداروں نے یاسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے دی جانے والی سزا کی پُر زور مذمت کرتے کہا ہے کہ بھارتی عدالتی فیصلہ ظالمانہ وجابرانہ ہے ، بھارت کے زیر تسلط کشمیر ایک مقبوضہ علاقہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل ہونا ہے اس لئے جموں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو بھارتی انتظامیہ کا گرفتارکر نا اور عدالتوں سے سزا دلوانے کا کوئی جواز و حق نہیں ، میڈیا سے گفتگو کرتے چوہدری ارشد چھرا، شیخ عبدالحمید، فیضان شفیق خان، سیٹھ عظیم اور شہزاد احمد ورک نے کہا کہ حریت رہنما یٰسین ملک کو سزادینے کے فیصلہ سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے حکومت پاکستان سزا ختم کرانے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائے اورعالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کیا جائے۔