ملتان (نمائندہ نوائے وقت)وزیراعلی حمزہ شہباز نے کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کو منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کا خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔کمشنر عامر خٹک نے کارڈیالوجی توسیعی بلاک پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی دورہ کیا ۔ انہوں نے کارڈیالوجی توسیعی بلاک کی تکمیل میں تاخیر پر ٹھیکیدار کی سرزنش کرتے ہوئے کام میں تاخیری حربے استعمال کرنے والے کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ کرنے کی وارننگ دیدی۔کمشنر عامر خٹک نے متعلقہ محکموں کے افسران، کنٹریکٹرز کو توسیعی بلاک سائٹ پر طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر میں صحت کے میگا منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔منصوبوں کی تکمیل میں کوالٹی پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں مے مریضوں اور انکے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور دستیاب سہولیات بارے بات چیت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل ایوب بخاری، ایم ایس کارڈیالوجی اور دیگر متعلقہ ڈاکٹرز و افسران موجود تھے علاوہ ازیں عامر خٹک نے نہم کے امتحانی سنٹروں کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ڈیوٹی پر مامور نگران سے انتظامات بارے دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی سنٹر پر انتظامات تسلی بخش ہیںطلبا ء پر سکون انداز میں پیپر دیں۔