لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمن نے ٹیوٹا کی طرز کے تمام اداروں کو جوائنٹ ونچر کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلہ میں ان اداروں کے ذمہ داران کو انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرنا چاہیے۔ پنجاب میں ہنر مند افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کیلئے فنی تعلیم اورپیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کیلئے مخصوص تربیتی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ روزگار کیلئے دیہاتوں سے شہروں میں منتقلی کو روکنے میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ اگر ٹیوٹا سمیت دیگر ادارے معاونت کریں تو کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے پاس پنجاب میں ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوںکی صنعت سے متعلقہ تربیتی پروگراموں کی نہ صرف جامع منصوبہ بندی بلکہ اسے سر انجا م دینے کیلئے صلاحیت اورانفراسٹرکچر بھی موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں اجلاس سے میں کیا ۔ سابق چیئر پرسن سعید خان ، کنسلٹنٹ خالد اقبال اورامانت علی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اعجا زالرحمن نے کہا کہ ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پرووائیڈر آرگنائزیشنز صنعت کی عصری ضروریات کو پورا کرنے میں وہ کردار ادا نہیں کررہیں جس کی ملک کی صنعتوں کو اشد ضرورت ہے۔ خاص طورپر پاکستان ہینڈ میڈ کارپٹس مینوفیکچرنگ انڈسٹری جیسے ایکسپورٹ اورینٹڈ سیکٹرکو وہ معاونت نہیں مل رہی اور یہی وجہ ہے کہ اس سیکٹر میں ہنر مند لیبر کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔
صنعتوں کی اشد ضرورت، ہنر مندوں کیلئے فنی پروگرام متعارف کرائے جائیں: اعجاز الرحمن
May 29, 2023