پہلا چیلنج پاکستان کو جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرانا ہے: رولینٹ اولٹمینز

May 29, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اومان کے شہر صلالہ میں جاری جونیئر ہاکی ایشیاکپ میں قومی ٹیم اپنے ابتدائی تین مقابلوں میں سے 2 جیت اور ایک ڈرا کرکے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔گروپ اے میں پاکستان نے چائنیز تائی پے کو 1-15 جبکہ تھائی لینڈ کو 0-9 سے شکست دی، ایونٹ کے تیسرے میچ میں قومی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کیساتھ مقابلہ 1-1 گول سے برابر کیا، پوائنٹس ٹیبل پر بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں تین فتوحات کیساتھ 7، 7 پوائنٹس کے ہمراہ موجود ہیں۔پاکستان کو گروپ اے میں اگلا مقابلہ جاپان سے کھیلنا ہے اگر پاکستان جاپان کیخلاف میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے یا اسے شکست دیتا ہے تو جونیئر ہاکی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرجائیگا۔واضح رہے کہ ملائیشیا بطور میزبان پہلے ہی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کر چکا ہے، اسکا مطلب یہ ہے کہ آخری 4 سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیمیں ورلڈکپ ٹکٹ حاصل کرنے کی اہل ہوں گی۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے ہاکی کنسلٹنٹ رولینٹ اولٹ مینز نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بناتے دیکھنا چاہتے ہیں، میں یہاں جونیئر ٹیم کنسلٹنٹ کے طور پر ہوں اور میرا پہلا چیلنج پاکستان کو ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کروانا ہے۔ اگر ہم گروپ اے سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے تو ہم میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔یاد رہے کہ جونیئر ہاکی مینز ورلڈکپ رواں سال کے اختتام پر 5 سے 16 دسمبر 2023 تک ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کھیلا جائیگا۔پاکستان ایشیا جونیئر ہاکی کپ میں اپنا گروپ کا آخری میچ جاپان کیخلاف آج پیر کواومان میں کھیلے گا۔ ایشیا جونیئر ہاکی کپ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں پاکستان‘بھارت‘جاپان‘ تھائی لینڈ‘ چائنیز تائی پے جبکہ پول بی میں کوریا‘ملائشیا‘اومان‘بنگلا دیش اور ازبکستان شامل ہیں۔

مزیدخبریں