لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نرسری کے انکیوبیٹر میں اوور ہیٹنگ سے بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بعد ہسپتال کا دورہ کیا۔ افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ محسن نقوی نے بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی کہ نرسری میں میڈیکل پروٹوکول کو 100 فیصد فالو کیا جائے۔ نومولود بچوں کی دیکھ بھال میں معمولی سی بھی کوتاہی برداشت نہیں۔ محسن نقوی نے دیگر وارڈز کا بھی وزٹ کیا اور بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایک بچے کے لئے ایک بیڈ مخصوص ہونا چاہئے۔ محسن نقوی نے نرسری میں معصوم بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی تمام حالات و واقعات کا جائزہ لے کر 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر اعلی آفس میں لاہور بارایسوسی ایشن کے صدر رانا انتظار حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وکلاءبرادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وکلائ برادری کو مسائل ترجیحی بنیادں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کے لئے قائم ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ ایوان عدل کے باہر پارکنگ کے باعث ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے پارکنگ پلازہ تعمیرکرنے کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ پارکنگ پلازہ کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ وفد میں سینئر نائب صدر آصف امین گورایہ، نائب صدر ندیم انجم خان، نائب صدر ماڈل ٹاو¿ن کورٹس ہادی حسین بھٹی، نائب صدر کینٹ کورٹس فرخ احمد خان، سیکرٹری جنرل ملک کفیل کھوکھر، سیکرٹری عمر وقاص وڑائچ اور دیگر شامل تھے۔ وزیراعلیٰ آفس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز پاکستان (آباد) کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے کنسٹرکشن انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اورکنسٹرکشن ا نڈسٹری کے فروغ کیلئے تجاویز پیش کیں۔ ملاقات میں تعمیراتی صنعت سے وابستہ ماہرین کی تجاویز پر بلڈنگز کی تعمیر سے متعلقہ قوانین کا ازسر نو جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کے روزگارکی بحالی کیلئے کنسٹرکشن انڈسٹری کا احیا ضروری امرہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے اوردیگر ادارے بلڈنگ لاز کو پبلک فرینڈلی بنانے پر توجہ دیں۔
محسن نقوی