لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے گرجا گھروں کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے لاہور پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اورکہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں گرجا گھروں کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔حساس گرجاگھروں پرپولیس کی اضافی نفری سمیت سنائپرزتعینات کئے گئے ہیں جبکہ شہرکے داخلی اور خارجی راستوں پرچیکنگ مزید بڑھادی گئی ہے۔سی سی پی او لاہور نے ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو گرجا گھروں، اہم مقامات پرسکیورٹی انتظامات چیک کرنے کی ہدایت جاری کی اور ڈولفن سکواڈ سمیت پی آریو اور ایلیٹ ٹیموں کو گرجا گھروں کے اطراف میں پٹرولنگ کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے افسران و جوان شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور عبادت کیلئے گرجا گھروں میں آنے والے افراد کی سکیورٹی کےلئے الرٹ رہیں۔