لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان کی سپریم کونسل کے چیئر مین علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ 28 مئی کا ”یوم تکبیر کا دن“ پاکستان کی سا لمیت اور بقاءکا ضامن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول اکرم کے طفیل ایک غریب ملک وقوم کو ایٹمی قوت سے نوازا۔ یہ ہم پر احسان عظیم ہے۔ اس عظیم کارنامے پر پاکستان کے مایہ ناز سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خانؒ، ان کے رفقائ، سمیت پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے جس کی وجہ سے ہم پر دشمن کی بالادستی ہمیشہ کیلئے ختم ہوئی اور ہمارا سر بلند ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماءپاکستان کے زیر اہتمام جامع المرکز الاسلامی لاہور کینٹ میں ”یوم تکبیر “ کے سلسلہ میں ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا حافظ نصیر نورانی،مفتی تصدق حسین، رشید رضوی،حافظ سلیم ،پروفیسرارشد مہر،مولانا سعید احمد نعیم ، مولانا محمد اعظم،مولانا شبیر حسین فریدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔قاری زوار بہادر کا کہنا تھا کہ ہم ایٹمی قوت ہونے کے باوجود آج اندرونی اور بیرونی دونوں محاذود پر بری طرح مشکلات کا شکار ہیں۔ وطن عزیز معاشی، معاشرتی ، سیاسی،اخلاقی اور آئینی عدم استحکام کا جتنا شکار آج ہے شاید تاریخ نے یہ ایام اس سے قبل نہ دیکھے ہوں۔ آج قوم کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ ہر قسم کے جہاد کیلئے تیار ہیں۔