الینوائے (نیٹ نیوز) امریکی شخص نے ایئرپورٹ پہنچنے کی جلدی میں سڑک کھودنے والی گاڑی چرائی اور اس پر 16 کلومیٹر تک سفر کرکے ایئرپورٹ جا پہنچا تاکہ وہ مقررہ وقت پر اپنی فلائٹ میں سوار ہو سکے۔ اس بات کا انکشاف ایئرپورٹ پارکنگ کی فوٹیج سے ہوا جہاں بہت دیر سے سڑک کھودنے والی مشینی گاڑی لاوارث کھڑی تھی۔ سی سی ٹی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک شخص اس سے اترا جس کے ہاتھ میں گٹار کا کیس تھا اور وہ ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہوا تھا۔ اس شخص پر تعمیراتی مشین چرانے‘ 15 کلومیٹر دور لے جانے اور پارکنگ میں چھوڑنے کے مقدمات عائد کئے گئے ہیں۔ چور پر فی الحال 10 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے‘ لیکن ملزم اب تک مفرور ہے۔