لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس سکول میں داخلہ لے لیا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سابق کپتان راشد لطیف نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس سکول کے پروگرام کا حصہ بن گئے ہیں، وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز ہوں گے۔ پروگرام میں شرکت کیلئے دونوں کرکٹرز 31 مئی سے 3 جون تک امریکی ریاست بوسٹن میں ہارورڈ بزنس سکول کیمپس کی کلاسز میں شرکت کریں گے۔ کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ پروفیسر ایلبرس اور رحمانی کے ساتھ اس پروگرام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ دنیا کے کونے کونے سے آنے والے طلباء اور کاروباری شخصیات سے سیکھنے کو ملے گا۔ اس موقع پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عالمی سٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہم ہارورڈ کے بی ای ایم ایس پروگرام میں دنیا کے بہترین افراد سے سیکھنے جا رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ ایک دلچسپ سفر ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام سے حاصل ہونے والی تعلیم اور اپنے تجربات کو نئی نسل میں منتقل کرنے کی کوشش کریں گے۔
کرکٹر بابر اعظم‘ رضوان ہارورڈ سکول میں داخلہ لینے والے پہلے کرکٹر بن گئے
May 29, 2023