حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد میں ڈینگی کا پہلا مریض رپورٹ ہوا ہے۔ مریض رانا احسن کی رپورٹ پازیٹو ہونے پر اس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال داخل کرلیا گیا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پچھلے سال ڈینگی کیلئے ایک الگ سے وارڈ قائم کی گئی تھی ۔ وارڈ میں لگائے گئے بیڈز پر مچھر دانیاں نصب تھیں مگر اس سال اس وارڈ میں تمام بیڈز سے مچھر دانیاں مبینہ طور پر غائب ہیں اور وارڈ میں ٹیسٹ اور ادویات کا بھی کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں کیا گیا جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ ڈینگی وارڈ میں داخل مریض نے اپنا ٹیسٹ بھی پرائیویٹ لیب سے کروایا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مچھر دانی اور ادویات بھی بازار سے خود خرید کر لایا ہے۔ جس سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میںمریضوں سے ہونے والے سلوک کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔