لاہور (نیوز رپورٹر) ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو سائنسی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی روشناس کروانا ہے۔ تاکہ وہ مختلف علوم سیکھنے کے ساتھ ساتھ ایک باکردار اور اچھے انسان بھی بنیں۔ یہ بات گورنر محمد بلیغ الرحمن نے ایچی سن کالج میں احسن جاوید سائنس انوویشن سنٹر کا افتتاح کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ گورنر نے کہا کہ اساتذہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں کردار سازی پر ایک کنسورشیم قائم کیا ہے۔ کیونکہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور تعلیم کے ساتھ تربیت ایک اہم جزو ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ادارے میرٹ کی بالادستی سے بنتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے ادوار میں تعلیمی ادارے بنائے اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔ علاوہ ازیں گورنر محمد بلیغ الرحمن کی لاہور میں سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ آمد، سردار ایاز صادق کے بڑے بھائی سردار محمود صادق کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔