ملتان (نمائندگان نوائے وقت) ملتان اور ملحقہ علاقوں میں طوفان باد و باراں اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی‘ آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ جبکہ دیوار گرنے سے خاتون جاں بحق‘ آم کی فصل تباہ۔ میپکو کے 2 سو سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ بیشتر علاقے تاریلی میں ڈوب گئے۔ قصوری روڈ پر بھی دیوار گرنے سے ایک راہ گیر شدید زخمی ہو گیا‘ اسی طرح قادر پور راں سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والے حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو نشترہسپتال منتقل کیا جبکہ بعض علاقوں سے کرنٹ لگنے کے متعدد واقعات بھی پیش آئے۔ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارشِ سے دیواریں گرنے سے کئی افراد زخمی ہوئے‘ مقامی زمیندار قیصر عباس دھرالہ کی والدہ وفات پا گئیں جبکہ قیصر عباس زخمی ہو گیا۔ آم کی فصل و دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا کچے پکے مکانات شدید متاثر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ تیز رفتار اندھی چلنے سے بجلی کی تاروں پر درخت گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بوسن روڈ پر سائن بورڈز گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ماچھیوال کے نواحی گاؤں 166 ای بی میں آسمانی بجلی گرنے سے تین مکانوں کی چھتیں گر گئیں، دو بچیوں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے‘ زخمی ہسپتال منتقل کر دیئے گئے۔